جوئیڈا، 22 / فروری (ایس او نیوز) تعلقہ مرکز سے اُلوی مندر تک بجلی کی ہائی ٹینشن سروس لائن بچھانے کا جو منصوبہ ہے اس کا کام مکمل ہونے سے قبل ہی افتتاح کرنے اور غیر معیاری انداز میں کام انجام دئے جانے کی باتیں سننے میں آ رہی ہیں ۔
معلوم ہوا ہے کہ اُلوی سے جوئیڈا تک 35 کلو میٹر ہائی ٹینشن سروس لائن کا منصوبہ 9 کروڑ روپے لاگت سے پورا کیا جا رہا ہے جس میں 11000 کے وی کی یو جی کیبل اسپیڈ لائن بچھائی جا رہی ہے ۔ متعلقہ علاقہ کے ایک آفیسر کے مطابق اس کام کے لئے ضروری ہے کہ زمین کے اندر کم از کم 6 فٹ گہرا گڈھا کھودا جائے اور ریت بچھانے کے بعد اس پر کیبل بچھائے جائیں اور پھر اوپر سے پانی میں نہ پگھلنے والی سخت قسم کی اینٹیں یا کڈپا پتھروں کی سلیں رکھنے کے ساتھ برسات میں کسی بھی جگہ سے ارتھنگ کا خدشہ نہ ہونے کی بات یقینی بنانے کے بعد گڈھے کو ڈھانپا جائے ۔
عوام کی طرف سے الزام لگایا جا رہا ہے کہ پی ڈبلیو ڈی کی طرف سے انجام دئے جا رہے اس منصوبے میں بے پروائی اور غیر سائنٹفک انداز اپناتے ہوئے بعض مقامات پر سڑک کنارے کے نالوں کو ہی دو سے ڈھائی فٹ کھود کر یا پھر بعض جگہ زمین پر ہی ڈھانپ کر بجلی کی لائن بچھائی گئی ہے جس سے آئندہ کسی نہ کسی دن بڑا حادثہ ہو سکتا ہے ۔ جہاں لائن کو ڈھانپنے کے لئے اینٹیں استعمال کی گئی ہیں وہ انتہائی غیر معیاری اور پانی میں پگھلنے والی ہیں اور یہ اینٹیں بھی کم مقدار میں استعمال کرنے کے مقصد دور دور رکھ کر کام چلایا گیا ہے ۔ برساتی پانی نکاسی کے لئے بنائے گئے نالوں میں بجلی کی لائن بچھا کر اسے ڈھانپ دیا گیا ہے جس سے برسات کے دنوں میں بہنے کے لئے راستہ نہ ہونے کی وجہ پانی پوری طرح سڑک پر بہنا یقینی ہے ۔ پانی نکاسی کے لئے اگر نالوں سے مٹی ہٹائی جاتی ہے تو بجلی کے کیبل غیر محفوظ انداز میں اوپر آجائیں گے یا پھر کیبل کی باہری پرت کو نقصان پہنچنے سے ارتھنگ ہونے کا جان لیوا خطرہ پیدا ہوگا ۔
عوام غیر معیاری انداز میں انجام دئے جا رہے اس پورے معاملہ کو ہیسکام کے انجینئرنگ شعبہ کی بے پروائی قرار دے رہے ہیں اور مسافروں اور سیاحوں کی جان سے کے ساتھ کھلواڑ قرار دے رہے ہیں اور مطالبہ کر رہے ہیں متعلقہ محکمہ جات اس طرف فوری توجہ دیں اور اسے درست کرنے کی کارروائی کی جائے ۔